23/01/2026
کراچی ایک اور شدید سرد رات متوقع!
کراچی میں گزشتہ روز بارش کے بعد سے ریکارڈ توڑ سردی کی لہر بدستور جاری ہے۔ کوئٹہ کی جانب سے آنے والی یخ بستہ سرد ہواؤں کے باعث شہر کا درجۂ حرارت اصل درجۂ حرارت سے بھی 2 سے 3 ڈگری کم محسوس کیا جا رہا ہے۔
آج رات کی صورتحال:
اس وقت رات کے 10 بج چکے ہیں اور شہر کے بیشتر علاقوں میں درجۂ حرارت 15 ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی نیچے جا چکا ہے، جبکہ جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اس وقت درجۂ حرارت صرف 10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
آج رات شدید سردی متوقع ہے، تیز اور یخ بستہ ہواؤں کے ساتھ۔ اس دوران مضافاتی علاقوں میں درجۂ حرارت 1 سے 2 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرنے کا امکان ہے، جبکہ محسوس کیے جانے والا درجۂ حرارت صفر سے منفی 1 ڈگری تک جا سکتا ہے۔
یہ بھی امکان ہے کہ گڈاپ ٹاؤن کے کھلے علاقوں میں محسوس کیا جانے والا درجۂ حرارت منفی 2 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ ہو۔
شہر کے شمالی، شمال مشرقی اور مشرقی علاقوں جن میں ناظم آباد، ماڈل کالونی، سرجانی ٹاؤن، گلشنِ اقبال، نیا ناظم آباد، فیڈرل بی ایریا، سائمہ عربین ولاز اور گرد و نواح کے علاقے شامل ہیں، وہاں درجۂ حرارت 3 سے 5 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے، جبکہ محسوس کیا جانے والا درجۂ حرارت 0 سے 2 ڈگری تک ہو سکتا ہے۔
شہر کے جنوبی علاقوں میں درجۂ حرارت 8 سے 10 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہ سکتا ہے، جبکہ محسوس کیا جانے والا درجۂ حرارت 5 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
کل بروز ہفتہ سے سردی کی اس شدید لہر میں معمولی کمی متوقع ہے اور دن کے درجۂ حرارت میں 1 سے 2 ڈگری اضافے کا امکان ہے، تاہم رات کے اوقات میں پیر تک سردی کی شدت تقریباً برقرار رہ سکتی ہے۔
کراچی میں اس نوعیت کی شدید سردی بہت کم دیکھنے میں آتی ہے، لہٰذا تمام حفاظتی تدابیر اختیار کریں، گرم لباس پہنیں اور اس موسم سے بھرپور لطف اٹھائیں۔
ہمارے پیج کو فالو کرنا نہ بھولیں۔
بیشک اللہ پاک بہتر جانتے ہیں۔
موسمی تجزیہ کار / ایڈمن:
محمد اسماعیل